لاہور۔3اپریل (اے پی پی):ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت کمیٹی روم میں اہم اجلاس ہوا۔ محکمہ زراعت،آبپاشی،لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ،کووآپریٹو ڈیپارٹمنٹ محکمہ صنعت و تجارت اور ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبے بھر سے واسا حکام اور اور پی ایچ اے افسران نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ رواں سال معمول سے کم بارشوں کے باعث پانی کی کمی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
متعلقہ محکموں کی ممکنہ خشک سالی کے اثرات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے واسا حکام کو پانی کے بچا سے متعلق اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ گزشتہ 4 ماہ میں پنجاب میں 38فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں۔ منگلا اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح نہایت نچلے درجے پر ہے۔ واٹر کمیشن کی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ عدالتی احکامات اور ہدایات پر عمل درآمد سے ممکنہ پانی کی قلت سے نمٹا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے 3-2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔ ممکنہ خشک سالی سے نمٹنے کیلئے تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کیے جائیں۔ کسانوں کو پانی کی متوقع قلت بارے آگاہ کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب صوبہ بھر کی انتظامیہ کو تمام تر وسائل فراہم کر رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578300