لاہور۔15جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران پنجاب پولیس صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنا رہی ہے اور لاہور سمیت تمام اضلاع میں منعقدہ مجالس اور جلوسوں کو ایس اوپیز کے مطابق بہترین سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ8محرم الحرام کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں 3937مجالس منعقد اور 1366عزاداری جلوس برآمدہوئے، پولیس ٹیموں نے ہائی الرٹ ہوکر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ آٹھویں محرم الحرام کے مقدس پروگراموں کی سکیورٹی پر 54696ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات رہے، تمام اضلاع میں منعقدہ 3937مجالس کی سکیورٹی پر 26ہزار سے زائد افسران و اہلکار جبکہ 1366عذاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 30ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات رہے، ٹریفک پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور والنٹئیر نے بھی مجالس و جلوسوں کے سکیورٹی فرائض ادا کئے۔صوبائی دارالحکومت میں آج 86جلوس برآمد ہوئے، 416مجالس منعقد ہو ئیں جن میں اے کیٹیگری کی 44مجالس شامل تھیں جن کے سکیورٹی فرائض 8ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے سر انجام دئیے۔
آئی جی پنجاب کی آر پی اوز، ڈی پی اوز کو محرم سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ پولیس انتہائی الرٹ رہے، مجالس، جلوسوں اور عزاداروں کی سکیورٹی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے،انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مجالس و جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور نویں و دسویں محرم پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔