اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے چیئرپرسن ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ عصری چیلنجوں سے نمٹنے اور رکاوٹوں کو عبور کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے انضمام کے لئے تخلیقی صلاحیتوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام تعلیم میں تحقیق اور طرز عمل پر 7ویں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا مقصد سماجی ترقی میں تعلیم کے اہم کردار سے متعلق تبادلہ خیال کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے اپنے خطاب میں تحقیق اورطرز عمل کے میدانوں میں ایک سنگ میل کے طور پر کانفرنس کی اہمیت کو اجاگر کیا اور معاشرے کی تشکیل میں تعلیم کی بنیادی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے عصری چیلنجوں سے نمٹنے، اختراعی طریقوں کی وکالت اور رکاوٹوں کو عبور کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے انضمام کے لیے تخلیقی صلاحیتوں کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔موسمیاتی تبدیلی کے اہم مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز ) کو مقامی سیاق و سباق کے ساتھ ہم آہنگ کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اسلام کی تعلیمات فطری طور پر پائیدار ترقی کے اصولوں کو برقرار رکھتی ہیں۔مزید برآں ڈاکٹر امجد ثاقب نے تنقیدی سوچ کے کلچر کو فروغ دیتے ہوئے مثبت تبدیلی کیلئے مواصلات، اشتراک اور تنازعات کے انتظام کے اہم کردار کو واضح کیا جو قائدانہ خصوصیات کی پرورش اور سماجی تنازعات کو حل کرنے کیلئے ضروری ہے۔انہوں نے معاشرے کے پسماندہ طبقات بالخصوص انتہائی غربت میں زندگی گزارنے والی خواتین کی طرف توجہ دلائی جن کے بچے تعلیم تک رسائی سے محروم ہیں۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے تعلیمی میدان میں مکالمے اور علم کے تبادلے کو آگے بڑھانے میں نفرنس کے کامیاب انعقاد پر یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مبارکباد بھی پیش کی۔