ملتان ۔05 اکتوبر (اے پی پی)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اولیاءکرام نے امن ،محبت اوررواداری کادرس دیااورانہی کی کوششوں سے اس خطے میں اسلام کا پیغام عام ہوا۔ انہو ں نے کہاکہ ان کے آستانے آج بھی مرجع خلائق ہیں اورلوگ یہاں سے فیض حاصل کرتے ہیں ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے عظیم روحانی پیشوا حضرت بہاﺅالدین زکریا کے 780ویں عرس مبارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عرس کا افتتاح وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزار کو غسل دے کر کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیرتوانائی ڈاکٹر اختر ملک، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زادہ زین قریشی، قومی اسمبلی کے چیف وہیپ ملک عامرڈوگراورصوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی بھی موجودتھے۔غسل کے بعد وزیراعلی عثمان بزدار نے مزار پر پھولوں کی چادرچڑھائی۔اس موقع پر وزیر اعلی نے کہاکہ حضرت بہاﺅالدین زکریا سمیت تمام بزرگان دین نے امن وآشتی کادرس دیا۔انہوں نے دعا کی کہ بزرگان دین کے فیوض و برکات سے اللہ تعالی کشمیر کو آزادی دلائے۔عرس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ دنیاوی اقتدار عارضی ہوتا ہے اور روحانی سلسلے ابدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعلی عثمان بزدار مزارات اور اولیاءسے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے حضرت بہاﺅالدین زکریا، حضرت شاہ رکن عالم اوربی بی پاک دامن کے مزارات کی تعمیر کے حوالے سے وزیراعلی سے گزارشات کی تھیں اور انہیں بتایا تھا کہ حضرت بہاﺅالدین زکریا کے مزار میں زائرین کے لےے جگہ کم ہے اوران کی سہولت کے لیے اس جگہ کو کشادہ کیاجائے۔وزیراعلی عثمان بزدار نے ان مزارات پر آمد سے پہلے ہی ان مزارات کی تعمیرومرمت اور بحالی کے لیے خطیررقم مختص کردی ہے۔