عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوںکانذرانہ دینے والے عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، سید علی گیلانی کا برہان وانی اور دیگر شہداءکو خراج عقیدت

71

سرینگر ۔ 8 جولائی (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ممتاز نوجوان رہنما برہان مظفر وانی اور 2016کی احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوںکو شہادت کی دوسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے لئے شہداءکی بے لوث قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوںنے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے 2برس قبل برہان کی شہادت کے بعد پوری مقبوضہ وادی کو خون میں نہلاتے ہوئے سو سے زائدکشمیری نوجوانوں کو شہید ، ہزاروں کی زخمی جبکہ سینکڑوں کو بصارت سے محروم کر دیاتھا لیکن عوامی جذبات اور حق وانصاف کی تحاریکوں کے سامنے شاطرانہ اور منافقانہ چالیں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوتیں اور سفاکیت اور درندگی کے یہ بدنما چہرے خس وخاشاک کی طرح عوامی سیلاب میں بہہ کر نیست ونابود ہوجاتے ہیں۔