سیالکوٹ۔10ستمبر (اے پی پی):مفتی اعظم پاکستان پروفیسر مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کا بنیادی عقیدہ اور امت کی بقاء کا ضامن، دین اسلام کی اساس ، رسالت محمدی کا امتیاز اور نبوت و ناموس رسالتؐ کا تحفظ ایمان کا بنیادی تقاضا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےتاج ہوٹل میں حلقہ عید گاہ شریف سیالکوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ نے چودہ صدیوں سے عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ کیا اور کرتی رہے گی اور یہی ہماری کامیابی کا حقیقی سبب بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہل اسلام پر لازم ہے کہ عقیدہ ختم نبوت پر مکمل ایمان کے ساتھ ساتھ اس کا پرچار بھی کرےاور دفاع کے لیے اپنا کردار بھی ادا کریں۔ مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ عقیدہ ختم نبوت امت مسلمہ کا بنیادی، مضبوط اور قدیم عقیدہ ہے جس کی حفاظت اور سربلندی ہم سب پر فرض ہے۔
خلیفہ مجاز آستانہ عالیہ عیدگاہ شریف رانا ضمیر اختر نقیبی، حافظ اظہرا لرحمان جامی، ملک ریاض المعروف پپ، ملک محمد اشرف نقیبی، چوہدری مقصود علی وڑائچ، چوہدری فرحت عباس ایڈووکیٹ، محمد اویس نقیبی، قاری محمد امتیاز نقیبی اور نصیر احمد سمیت مریدین عید گاہ شریف کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر یہاں موجود تھی۔