علاقائی امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے، چین

152

بیجنگ ۔5اگست (اے پی پی):چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر چین کا موقف واضح اور مستقل ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے دیرینہ تنازعہ کو مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ترجمان چینی وزارت خارجہ ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر کے معاملے پر چین کا موقف واضح اور مستقل ہے، یہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تاریخ کا چھوڑا ہوا ایک مسئلہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھی اس مسئلے کے بارے میں ایک مشترکہ نقطہ نظر رکھتی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ درحقیقت چین نے تین برس قبل بھی یہی کہا تھا کہ متعلقہ فریقوں کو تحمل اور تدبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ان یکطرفہ اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے کشیدگی میں اضافے کا خطرہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تنازعات کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کریں۔