علاقائی امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے،سینیٹر فیصل جاوید

60

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے کبھی بھی بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ایشو کو جرات مندی کے ساتھ دنیا کے سامنے نہیں اٹھایا، وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جرات مندانہ موقف اختیار کرتے ہوئے دنیا کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے حوالے سے سخت پیغام دیا ہے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے اور پی ٹی آئی حکومت کے منشور میں بھی شامل ہے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے امن کیلئے بے مثال قربانیاں دیں اور بھاری معاشی نقصان اٹھایا، پاکستان نے امن برقرار رکھنے کیلئے 40 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہترین پالیسیوں کی بدولت پوری دنیا پاکستان کے افغان مسئلہ کے حوالے سے موقف کو تسلیم کر رہی ہے، افغان مسئلہ کا فوجی نہیں بلکہ مذاکرات ہی واحد حل ہے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات اور پر امن ماحول کا خواہاں رہا ہے۔