علاقائی تجارت کو فروغ دے کر پاکستان نئی اور متنوع منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتا ہے، مہر کاشف یونس

91
مہر کاشف یونس

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ علاقائی تجارت کو فروغ دے کر پاکستان نئی اور متنوع منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتا ہے جس سے اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلنے کے علاوہ مجموعی مسابقت میں بھی اضافہ ہوگا۔

جمعرات کو یہاں فاران شاہد کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے علاقائی تجارت کے فروغ، وسائل کی موثر تقسیم اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تجارتی اتحاد مختلف ممالک کے درمیان سیاسی و سفارتی تعلقات کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ اقتصادی مفادات سے بہتر افہام و تفہیم اور تعاون کی راہیں ہموار ہوتی ہیں جو پرامن اور خوشحال بقائے باہمی کےلئے بھی ضروری ہیں، اس مقصد کےلئے تجارتی رکاوٹوں میں کمی، سرحد پار نقل و حمل کی سہولتوں میں اضافہ اور سرمایہ کاری و تعاون کی حوصلہ افزائی کرنے والی پالیسیوں کا نفاذ ضروری ہے۔