اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ترکمانستان کی مجلس (پارلیمان) کی چیئرپرسن دنیاگوزل اکمحمدوونا گولمانووا سے اعلیٰ سطحی ملاقات میں پارلیمانی تعاون کو بڑھانے اور دوطرفہ تبادلوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ہفتہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پارلیمانی تعاون، عوامی روابط، تجارت اور ٹی اے پی آئی گیس پائپ لائن، ٹی اے پی منصوبہ اور فائبر آپٹک جیسے منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
چیئرمین سینیٹ نے چیئرپرسن مجلس کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے تحت تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مشترکہ اجلاسوں اور سیمینارز کے ذریعے بین الپارلیمانی روابط بڑھانے کی تجویز دی اور پارلیمانی تبادلوں کے فروغ کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تجویز بھی دی۔ چیئرپرسن مجلس نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور دورے کی دعوت قبول کی۔
آخر میں چیئرمین سینیٹ نے ترکمانستان کی میزبانی اور پرتپاک خیرمقدمی رویے پر شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میریدوف سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین سینیٹ نے پرتپاک مہمان نوازی پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے سیاسی، تجارتی اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا اور بالخصوص دوطرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ٹی اے پی آئی، ٹی اے پی اور فائبر آپٹک منصوبوں پر تفصیل سے غور کیا گیا۔
چیئرمین نے علاقائی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تجویز دی کہ ترکمانستان گوادر اور کراچی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھائے۔ ترکمان وزیر خارجہ نے مشترکہ اسٹریٹجک اہداف کے حصول کے لیے عملی اقدامات کی تجویز دی، جن میں تعمیراتی منصوبوں کے لیے پاکستان سے ماربل کی درآمد اور اعلیٰ سطحی دوروں میں اضافہ شامل تھا تاکہ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603801