علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت برآمدات بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، تاجر رہنما مہر کاشف یونس

78
Mian Kashif

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت اقتصادی انضمام کو مضبوط بنانے کے علاوہ برآمدات بڑھانے میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ یہ بات جمعرات کو یہاں وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے سید حسین امیر جعفری کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نجی شعبے کو تمام علاقائی ریاستوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور برآمدات کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے ،اس سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہو گا بلکہ خطے میں معاشی خوشحالی بھی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام علاقائی ریاستیں دوطرفہ اور کثیر الجہتی تجارت کے فروغ سے بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہیں جس سے ان کی معیشتوں کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی اور تعاون میں بھی مدد مل رہی ہے،ہمیں بھی اسی پر عمل کرنا چاہیے۔

مہر کاشف یونس نے کہا کہ مقامی کرنسی میں بارٹر ٹریڈ پاکستانی روپے پر دبائو کم کر سکتی ہے، پاکستان باآسانی چین، افغانستان، ایران، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ سمیت دنیا بھر میں کم از کم 50 ارب ڈالر تک کی برآمدات کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافہ کرنے کے لیے علاقائی تجارت کو وسعت دینے کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا،حکومت ای سی او اور ڈی ایٹ کی طرز پر علاقائی تجارت کو بڑھانے کے لیے اقدامات کرے۔