کوئٹہ۔ 21 مئی (اے پی پی):علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردی۔ہیٹ ویو کے دوران عام لوگوں بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو دن کے وقت سورج کی براہ راست روشنی سے بچنے اور ہائیڈریٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کسان اپنی فصلوں اور مویشیوں کا انتظام موجودہ موسمی حالات کے مطابق کریں۔
رواں ہفتے کے دوران بلوچستان کے تمام اضلاع میں ماسوائے ساحلی پٹی کے دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ ڈویژن سمیت دوپہر اور شام کے اوقات میں گرد و غبار اور ریتلی جھونکے کا بھی امکان ہے،تمام متعلقہ حکام ’’الرٹ‘‘رہیں اور ہیٹ ویو کے حالات کی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ سبی میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599773