کوہلو ۔ 09 جنوری (اے پی پی):سابق صوبائی وزیر نواب جنگیز مری نے کہا ہے کہ سب کو مل کر علاقے کی پائیدار ترقی اور عوام کے دیرینہ مسائل باہمی اتفاق اور صلح مشورے سے حل کرنے ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آبائی علاقے کوہلو کے دورہ کے موقع پر کھلی کچہری کے دوران کیا۔ کھلی کچہری میں علاقے کے قبائلی و سیاسی رہنماؤں سمیت عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ہے ۔ نواب جنگیز مری نے علاقے کے قبائلی عمائدین سے علاقے کے مسائل اور ذیلی شاخوں میں رنجشوں کے خاتمے پر تبادلہ کیا ۔
سابق صوبائی وزیر نے کھلی کچہری میں عوام کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جن میں بالخصوص ماوند میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ,پختہ اور پکی سڑکیں ، تعلیم اور صحت کے مسائل کو فوری حل کرنے کےلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر نواب جنگیز خان مری نے کہا کہ قوموں کی ترقی باہمی اتحاد اور تعلیم سے وابستہ ہے ، ہم نے ہمیشہ عام آدمی کے بنیادی ضروریات تعلیم ، صحت ، آمدورفت کے بہتر ذرائع کو اولین ترجیح دی ہے ۔