اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے حکیم الامت، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال ؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال ؒ کی سوچ اور فکر ہمیں متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتی رہے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے پیر کو اپنے ٹویٹ میں ایرانی دانشور ڈاکٹر علی شریعتی کے مضمون کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے علامہ اقبال ؒ کی فکروفلسفے کا عالمانہ انداز میں احاطہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر علی شریعتی کے مضمون سے اقتباس بھی شیئر کیا جس میں ڈاکٹر علی شریعتی نے علامہ اقبال کے بارے میں کہا کہ وہ مادیت کے خمیر سے اٹھنے والے اور خالص روح کے حامل وہ عظیم صوفی ہیں جو بیک وقت سائنس تکنیکی ترقی اور ہمارے عہد میں انسانی منطق کی پیش قدمی کو تظیم و توقیر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔