علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی جلد انڈسٹریل حب کا درجہ حاصل کرلے گا،ترجمان فیڈمک

172
علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی جلد انڈسٹریل حب کا درجہ حاصل کرلے گا،ترجمان فیڈمک

فیصل آباد۔ 15 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کےترجمان نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں بہترین جغرافیائی لوکیشن پر موجود ہونے کے باعث جلد انڈسٹریل حب کا درجہ حاصل کر لے گا ۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے بھی ایم تھری انڈسٹریل سٹیٹ میں متعدد چینی کمپنیاں اپنے پلانٹس کی تنصیب کا عمل مکمل کر چکی ہیں جبکہ کئی یونٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ انڈسٹریل سٹیٹ میں ریلوے ٹریک بچھانے سمیت فیصل آباد میں ڈرائی پورٹ اور انٹر نیشنل ایئر پورٹ سمیت بہتر لاجسٹک اپروچ و رہائشی سہولیات کے فیصلہ کے باعث فیڈمک کے مذکورہ انڈسٹریل زون کی کامیابی یقینی ہو چکی ہے۔انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہاں بڑی تعداد میں ہنرمند افرادی قوت موجود ہے جبکہ ٹیکنیکل اداروں کے ساتھ بھی مشاورت کر کے انہیں انڈسٹریل مارکیٹ کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے تکنیکی کورسز شروع کرنے کےلئے آمادہ کیا جا رہا ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔

انہوں نےبتایاکہ فیصل آباد جسے پہلے ہی ایشیا کا مانچسٹر کہا جاتا ہے اپنے کسٹمرز کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے جس سے ان پرقومی و بین الاقوامی کسٹمرز کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں چین کے علاوہ کورین، ترکش اور برطانوی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھی سرمایہ کاری کی جار ہی ہے جبکہ مستقبل قریب میں پاکستان کے کئی بڑے گروپس سمیت انٹر نیشنل انویسٹرز بھی فیصل آباد انڈسٹریل سٹی کا رخ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 24کروڑ کے قریب ہے جس میں 60 فیصد نوجوانوں کی عمر 30سال تک ہے جنہیں ملازمت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے بتایاکہ فیڈمک میں ٹیکسٹائل سیکٹرکےعلاوہ زراعت، لائیو سٹاک، گوشت، دودھ، پھل، پراسیسڈ فوڈ، ادویات سازی اور آٹو انڈسٹری کےلئے بھی اقدامات جاری ہیں تاکہ ان تمام شعبوں میں لگنے والی صنعتیں ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکیں۔