اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2023کے دوسرے مرحلے کے داخلوں میں دنیا بھر میں رہائش پذیر پاکستانیوں اور انٹرنیشنل طلبہ کے لئے اڑھائی اور چار سالہ بی ایس پروگرامز، ایک سالہ پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز،ڈیڑھ، اڑھائی اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامز کے علاوہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز(بی اے/بی کام)آفر کردئیے ہیں۔فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 اپریل مقرر کی گئی ہے۔دنیا بھر میں مقیم پاکستانی جہاں کہیں بھی ملازمت یا کاروبار کرتے ہیں وہ بغیر کہیں جائے اپنے گھر بیٹھے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے اپنی تعلیمی استعداد میں آن لائن اضافہ کرسکتے ہیں۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی واحد جامعہ ہے جو پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں سمیت انٹرنیشنل طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کررہی ہے، یونیورسٹی جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لاتے ہوئے سمسٹر خزاں 2021سے انٹرنیشنل طلبہ کے لئے 40سے زیادہ تعلیمی پروگرام پیش کررہی ہے۔گزشتہ سمسٹر میں 36 ممالک سے 460 سے زائد طلبہ نے داخلہ لیاجِن میں آسٹریلیا، روس، جنوبی کوریا، جاپان، چین، امریکا، برطانیہ،آئرلینڈ، کینیڈا، فرانس، سپین، سویڈن،یونان،بیلجیم،ایسٹونیا، جرمنی،ہنگری،اٹلی،ناروے،پرتگال،ترکیہ،تائیوان،بوسٹوانا،جنوبی افریقہ،ایران، بحرین،سعودی عرب،ابوظہبی،شارجہ،قطر،عراق،کردستان، اردن،عمان اور کویت شامل ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے آئندہ پانچ سال میں انٹرنیشنل طلبہ کی تعداد کا ہدف 10ہزار مقرر کیا ہے۔واضح رہے کہ یونیورسٹی انٹرنیشنل طلبہ کے لیے تعلیمی پروگرامز آن لائن مینجمنٹ سسٹم کے تحت پیش کر رہی ہے۔داخلے سے لیکر امتحانات تک تمام تعلیمی سرگرمیاں آن لائن ہوں گی۔آن لائن امتحانات کی مانیٹرنگ کے لئے ایم ایس ٹیمز یا اتھارٹی کی جانب سے منظور شدہ مانیٹرنگ ایپلی کیشن استعمال کی جاتی ہے،
اس دوران طلبہ کو کیمرہ کے سامنے بیٹھنا ہوتا ہے جس میں طلبہ کا چہرہ، ہاتھ اور پیپر امتحانی عملہ کو نظر آنا چاہیے۔بیرون ملک مقیم پاکستانی اور انٹرنیشنل طلبہ داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ مزید تفصیلا ت کے لئے انٹر نیشنل کولیبر یشن اینڈ ایکسچینج آفس سے ای میل [email protected] یا فون نمبرز 92519250175 +یا 92519572495 + پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔