علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، 16 اپریل کو ایجوکیشن ایکسپو 2025 کا انعقاد کرے گا

173

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (اے آئی او یو) ہمیشہ تعلیم کے فروغ اور طلبا کی رہنمائی کے لئے پرعزم رہی ہے۔ اس مشن کو جاری رکھتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ’’ایجوکیشن ایکسپو 2025‘‘ کے انعقاد کی منظوری دے دی ہے جو 16 اپریل کو یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔تقریب کا اہتمام دفتر برائے تحقیق، اختراع اور تجارتی کاری (او آر آئی سی ) کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ایکسپو کا مقصد نہ صرف طلباء کو مختلف یونیورسٹیوں میں داخلوں اور تعلیمی مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے بلکہ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم بھی پیش کرنا ہے۔

ایکسپو میں ملک بھر کی معروف یونیورسٹیاں صنعتی اور تجارتی تنظیموں کے ساتھ مل کر اپنے سٹالز لگائیں گی۔ اس موقع پر تعلیمی پروگراموں، جدید تحقیق، پائیدار ترقی اور نئی ٹیکنالوجیز کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ سٹارٹ اپس، پروڈکٹ ڈویلپرز اور اختراع کے آئیڈیاز اور پروجیکٹس پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ تقریب میں کھانے پینے کے مختلف سٹالز اور ایک خصوصی پوسٹر مقابلہ بھی شامل ہو گا جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء شرکت کریں گے۔اس حوالہ سے اپنے خصوصی پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ ایک بار پھر ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔

گزشتہ ایکسپو میں بڑی تعداد میں طلباء، اساتذہ، محققین اور والدین نے شرکت کی اور توقع ہے کہ حالیہ ایکسپو میں اس سے بھی زیادہ ٹرن آؤٹ ہو گا۔ یہ ایکسپو نوجوانوں کو اپنے خیالات کو نکھارنے،تحقیق کرنے والوں سے براہ راست سیکھنے اور نیٹ ورک کے ذریعے سیکھنے کا کا موقع بھی فراہم کرے گی۔ایجوکیشن ایکسپو 2025 کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایکسپو میں داخلہ مکمل طور پر مفت ہوگا اور سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء، ان کے والدین اور جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو شرکت کی پرتپاک دعوت دی جاتی ہے۔