اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ اسلامی فکر، تاریخ و ثقافت کے زیر اہتمام یکم نومبر سے اسلامک فنانس کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اتوار کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق کانفرنس کے دوران قومی اور بین الاقوامی مقررین مختلف اسلامی مالیاتی نظاموں پر تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ بانی اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود سیشن کی صدارت کریں گے
جبکہ ڈین، فیکلٹی آف عربی اینڈ اسلامک اسٹڈیز، پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی تقریب کی میزبانی کریں گے۔ ایڈنبرگ نیپئر یونیورسٹی برطانیہ سے ڈاکٹر فواد خلیل اور ڈاکٹر عثمان غنی، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سٹڈیز، پشاور سیشن کے مقررین ہوں گے، کانفرنس میں مختلف پینل ڈسکشنز اور ورکنگ سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے ویژن کے مطابق یونیورسٹی میں طلبہ کی رہنمائی اور آگاہی کے لیے مختلف سیمینارز/کانفرنسز اور دیگر تعلیمی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہیں اور یہ کانفرنس اسی اقدام کا تسلسل ہے۔