اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):انٹرنیشنل اوپن یونیورسٹی(گیمبیا)کے چانسلر اور عالمی شہرت یافتہ اسلامی مفکر ڈاکٹر بلال فلپس نے گزشتہ روز اپنی ٹیم کے ہمراہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں دونوں اداروں کے درمیان اسلامی اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور اکیڈمک تبادلوں کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔تقریب کی صدارت فیکلٹی آف عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کی جنہوں نے مہمانوں کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور بین الاقوامی سرگرمیوں پر مفصل بریفنگ دی۔ انہوں نے انٹرنیشنل اوپن یونیورسٹی کے ساتھ اسلامی تعلیم، تحقیق، فیکلٹی ایکسچینج اور طلبہ کے تبادلہ پروگرامز کے آغاز کی خواہش کا اظہار کیا۔
ڈائریکٹر برائے کولیبریشن اینڈ ایکسچینج ڈاکٹر زاہد مجید نے یونیورسٹی کے جدید تعلیمی انفراسٹرکچر، عالمی سطح پر جاری اشتراک اور تعلیم کے فروغ و طلبہ کی فلاح کے لیے جاری پروگرامز پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر بلال فلپس نے یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خاص طور پر اسلامی نفسیات، اسلامی بینکنگ اور مالیات کے میدان میں مشترکہ تحقیق اور تعلیمی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان ایسی شراکت داری علمی ترقی، فکری رہنمائی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگی۔یہ ملاقات اسلامی تعلیم کے فروغ، عالمی تعاون اور بین الاقوامی تحقیق میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے جو نہ صرف علمی میدان بلکہ سماجی و فکری ترقی میں بھی موثر کردار ادا کرے گی۔