اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایت پر سمسٹر بہار 2025ء کے لئے پیش کئے گئے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلہ ٹیسٹ کامیابی سے منعقد کئے گئے۔ یہ ٹیسٹ یونیورسٹی کے مین کیمپس کے علاوہ کوئٹہ، کراچی، ملتان اور گلگت بلتستان کے ریجنل دفاتر میں بھی منعقد ہوئے تاکہ مقامی امیدواروں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور انہیں طویل سفر کی مشکلات سے بچایا جا سکے۔
داخلہ ٹیسٹ کے شفاف اور مؤثر انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل سروسز نے بورڈ آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ (بی اے ایس آر ) اور متعلقہ فیکلٹیز کے تعاون سے 24 سے 27 فروری 2025ء تک ٹیسٹ کی آن لائن نگرانی کی۔ اس مقصد کے لئے خصوصی کوآرڈینیشن میٹنگز منعقد کی گئیں جبکہ تمام پری ٹیسٹ انتظامات ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل سروسز (ڈی ڈی آر ایس ) دلاور سلطان کی زیر نگرانی مکمل کئے گئے۔ٹیسٹ ہالز میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے اور ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل سروسز کے کونسل ہال سے مسلسل تین دن تک ان امتحانات کی نگرانی کی جاتی رہی۔
یہ ٹیسٹ مختلف فیکلٹیز کے لئے منعقد کئے گئےجن میں فیکلٹی آف ایجوکیشن،فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز، فیکلٹی آف عربی اینڈ اسلامک اسٹڈیز اورفیکلٹی آف سائنسز شامل تھیں۔ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے داخلہ ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا اور اس پورے عمل کو ایک اہم تعلیمی سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا
جنہوں نے ڈائریکٹوریٹ اور ریجنل نیٹ ورک پر اپنے بھرپور اعتماد اور حمایت کا اظہار کیا۔داخلہ ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 158 امیدواروں نے شرکت کی جن میں 25 پی ایچ ڈی جبکہ 133 ایم فل کے طلبہ شامل تھے۔ اس اقدام سے اعلیٰ تعلیم کو مزید قابلِ رسائی بنانے کے ادارے کے عزم کو تقویت ملی اور یہ عمل یونیورسٹی کے تعلیمی معیار اور شمولیت کی پالیسی کے لئے ایک اہم پیشرفت ثابت ہوا۔