علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’ بچوں کی ابتدائی تعلیم و تربیت‘‘پر2روزہ پانچویں عالمی کانفرنس29اور 30اپریل کو منعقد ہوگی

90
Allama Iqbal Open University

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’ بچوں کی ابتدائی تعلیم و تربیت‘‘ پر2روزہ پانچویں عالمی کانفرنس29اور 30اپریل کو منعقد ہوگی۔ یہ کانفرنس علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، وزارت منصوبہ بندی و ترقی، یونیسیف، عالمی ادارہ صحت، پاکستان الائنس فار ارلی چائیلڈ ہوڈ اور روپانی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے۔ اس سال یہ کانفرنس”بہتر کل کی تشکیل کے لیے روشن آغاز کی پرورش – ابتدائی سالوں میں سرمایہ کاری” کے تھیم کے تحت منعقد کی جارہی ہے۔

یہ کانفرنس ممتاز ماہرینِ تعلیم، محققین، پالیسی سازوں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گی تاکہ ابتدائی بچپن کی ترقی میں سرمایہ کاری کے طریقوں پر غور کیا جا سکے اور ہر بچے کو بہترین ممکنہ آغاز فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جا سکے۔

فیکلٹی آف ایجوکیشن کے مطابق یہ کانفرنس ECCE کے تصور کو ازسرنو ترتیب دینے پر غور کرے گی، جس میں موجودہ قومی و عالمی رجحانات، چیلنجز اور بہترین عملی طریقوں کو مدنظر رکھا جائے گا۔مزید تفصیلات، تحقیقی مقالوں کی جمع کرانے کی معلومات، اور رجسٹریشن کے لیے http://icecd.aiou.edu.pk لنک پر کانفرنس کی آفیشل ویب سائٹ ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹرناصر محمود کے ویژن کے مطابق یونیورسٹی نے پریکٹیکل اور تخلیقی سوچ کے گریجویٹ پیدا کرنے، بچوں کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو بیدار کرنے، سکالرز کو ملکی و غیر ملکی نامور محققین/ ماہرین تعلیم کے تجربات اور مشاہدایت سے سیکھنے اور انہیں تحقیقی کام کی نمائش کرنے کے لئے سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسز کے انعقاد پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے، یہ کانفرنس بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔