اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں والدین کو آسان اور عام فہم انداز میں بچوں کی نشوو نما، پرورش اور ضروری پہلوؤں کی رہنمائی کے لئے ماسٹرٹرینرز کی تربیت پر مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کے مختلف شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی،اجلاس میں آغا خان یونیورسٹی،آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان،وزارت انسانی حقوق، وزارت دفاع،وزارت صحت، وزارت تعلیم، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائیکالوجی قائد اعظم یونیورسٹی جبکہ نیشنل رحمت العالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے نمائندوں نے اپنی سفارشات پیش کیں۔
شرکا نے اپنی آراء پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس دستاویز کے ذریعے ہمارا مستقبل روشن ہوگا۔ ہم پرامید ہیں کہ بچوں کی کردار سازی اور روشن مستقبل کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہو گا جس میں ماسٹر ٹرینرز کا کلیدی کردار ہو گا۔معذور بچوں، ٹرانس جینڈر بچوں کی نشو نما اور بچوں کے استحصال پر خصوصی توجہ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ والدین بچوں کے مستقبل کی تشکیل، ان کی جسمانی، جذباتی اور نفسیاتی نشوونما پر اثر انداز ہونے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پاکستان میں، والدین کو منظم رہنمائی اور مدد کی کمی کی وجہ سے اکثر اپنے بچوں کی پرورش میں اہم چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے یہ معلوماتی کتابچہ شائع کیا گیا ہے۔اس اجلاس کا اہتمام شعبہ ارلی چائلڈہوڈ ایجوکیشن علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے کیا گیا۔