اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’موثر ڈیجیٹل مواد کی تخلیق کاری:جاپان اور پاکستان کے اعلیٰ تخلیق کاروں کی بصیرت ‘‘کے موضوع پرسہ روزہ تربیتی ورکشاپ دوسرے روز بھی جاری ہے،جس کا ا نعقاد جائیکا، وزارت تعلیم اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ تربیتی ورکشاپ کا مقصددونوں ممالک کے اعلیٰ تخلیق کاروں کے ذریعے موثر تعلیمی مواد تیار کرنے کے لئے استعمال کی جانے والی جدید حکمت عملیوں اور تکنیکیس کو تلاش کرنا ہے۔
ورکشاپ میں ملک کے مختلف سکولوں ، کالجوں اور جامعات کے اساتذہ اور طلبہ کو تربیت فراہم کی جارہی ہے اور یوٹیوب، فیس بک، ٹوئٹرز، انسٹاگرام کے لئے تعلیمی مواد کی تیاری پر غور کیا جائے گا۔ پینالسٹس میں جائیکا کے ڈپٹی چیف ایڈوائزر، عابد گل، ملک کے معروف یوٹیوبر ہاچی، ڈیجیٹل کریئٹر، عمران علی دینا، وزارت تعلیم کے ذوالفقار علی قزلباش، ایٹم کیمپ کی سی ای او فضا امجد شامل تھیں۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ کیا ہے، ہم وزارت تعلیم، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی(جائیکا)و دیگر شراکت داروں کے تعاون سے آؤٹ آف سکول بچوں کو داخل کرانے میں بھرپور کردا ر ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی جائیکا کے تعاون سے ملک کے پسماندہ ترین علاقوں کے نوجوانوں کو مڈل ٹیک اور میٹرک ٹیک کی تعلیم فراہم کررہی ہے۔جائیکا کے ڈپٹی چیف ایڈوائزر عابد گل نے کہا کہ جائیکا وزارت تعلیم اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعاون سے پاکستان کی لٹریسی صورتحال کو بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کررہا ہے۔