اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں پاکستانی میڈیا،چیلنجز اور حکمت عملی پر گذشتہ روز سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے صدارت کے فرائض انجام دیئے جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسکور پاکستان ڈاکٹر قیصر رفیق کلیدی مقرر تھے۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ میڈیا شعور اجاگر کرنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے، ہمیں بحیثیت قوم اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ یہ مثبت سماجی تبدیلی کا پیش خیمہ بنے۔پاکستان بہت سے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، سیاحت ہو یا ثقافت سب میں ہمارا ملک دنیا کے بیشتر ممالک سے کئی گنا اچھا ہے،پاکستان میں سیاحت کے ذریعہ سافٹ امیج دیکھانے پر ڈسکور پاکستان کی کاوش قابل ستائش ہیں۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہماری نوجوان نسل وسائل کی کمی کا شکار نہیں اگر سمت درست ہو توملک ترقی کی نئی راہیں عبور کرسکے گا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسکور پاکستان ڈاکٹر قیصر رفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیا ایک کھڑکی ہے اور دنیا نے آپ کو اسی کھڑکی سے دیکھناہے ،اسی مقصد کو لے کر پاکستان میں سیاحت و ثقافت کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے،پاکستانی میڈیا میں سنسی بہت ہے اور اس سے دنیا ہمارے متعلق منفی رویہ اختیار کرتی ہے ،انہی اثرات کو زائل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈاکٹر قیصر رفیق نے شرکا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ہمیں سافٹ پاور پر کام کرنے کی ضرورت ہے ، ڈیجیٹل میڈیا کا دور ہے، اپنے ملک کی خوبصورت شکل پیش کریں تاکہ دنیا میں مثبت امیج نظر آئے۔
یہ سیمینا رعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے منعقد کرایا۔ صدر اے ایس اے ڈاکٹر محمد اقبال نے ابتدائیہ کلمات ادا کئے جبکہ فیکلٹی ممبران، پرنسپل افسران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593514