اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے عید الفطر کی تعطیلات کے باعث انرولمنٹ مکمل نہ کر پانے والے طلبہ کی درخواستوں پر انرولمنٹ کی آخری تاریخ میں 24 اپریل 2025 تک توسیع کر دی ہے۔یونیورسٹی کے او ڈی ایل پروگرامز میں زیر تعلیم بعض طلبہ عید تعطیلات کی وجہ سے مقررہ وقت پر انرولمنٹ نہ کر سکے تھے جس پر انہوں نے وائس چانسلر سے توسیع کی درخواست کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے طلبہ کی تعلیمی ضروریات اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمدردی اور تعلیم دوستی کے جذبے کے تحت تاریخ میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ڈائریکٹر شعبہ داخلہ کے مطابق جاری طلبہ اب 24 اپریل تک انرولمنٹ کا عمل مکمل کر سکتے ہیں تاہم انہیں لیٹ فیس چارجز ادا کرنا ہوں گے۔ طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ نئی تاریخ سے قبل انرولمنٹ مکمل کریں تاکہ ان کے تعلیمی تسلسل میں کوئی خلل نہ آئے۔ واضح رہے کہ تاریخ میں یہ توسیع صرف جاری طلبہ کے لئے کی گئی ہے جبکہ تمام پروگرامز کے نئے داخلے بند ہوچکے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581960