اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے تعلیمی سفر کی نصف صدی( 1974تا 2024ء)مکمل کرلی ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے 50سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی منانے اورسال بھر(جنوری تا دسمبر 2024)تقاریب منعقد کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں مختلف شعبہ جات کے زیر اہتمام سیمینار، کانفرنسز منعقد کئے گئے۔ ایلومینائی تقریب، ایجوکیشن ایکسپو کے انعقاد کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختو نخوا چیپٹرز کے کانووکیشن منعقد کئے گئے۔بلوچستان اورسندھ چیپٹرز کے کانووکیشن پائپ لائن میں ہیں۔
کیمسٹری میں جدید رجحانات میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس 14اور 15فروری،ریسرچ اینڈ پریکٹسز اِن ایجوکیشن پر دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس 28اور 29فروری جبکہ اجتہادبالمقاصد پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس 22تا 24مئی، 2024منعقد کی گئی۔ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز(اے اے او یو)کی 37ویں تین روزہ سالانہ عالمی کانفرنس 15تا 17۔اکتوبر منعقد کی جائے گی جس میں ایشیائی ممالک کی اوپن یونیورسٹیوں کے100 سے زائد وائس چانسلرز، ریکٹرز، پروفیسرزاور قومی سطح کے کم و بیش250ماہرین تعلیم و محققین مقالے پیش کریں گے۔ایران پاکستان علمی ثقافتی مکالمے پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس 2اور 3جولائی، 2024ء کو منعقد کی جارہی ہے۔
یونیورسٹی کی نصف صدی مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اب تک اس جامعہ سے 50لاکھ طلبہ گریجویٹس ہوچکے ہیں جس پر ہمارا سر فخر سے بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیزکا شاید ہی کوئی گھر ایسا ہو جس میں اس قومی جامعہ کا طالب علم یا گریجویٹ نہ ہو۔یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ڈاکٹر ناصر محمود نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم وطن عزیز کے ہر کونے تک تعلیم کی روشنی پہنچائیں گے اور آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔