علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے زیتون کی پیداوار کے فروغ اور زرعی سائنس کے طلبہ کے لئے مین کیمپس میں ”باغِ زیتون” قائم کردیا

88
Allama Iqbal Open University
Allama Iqbal Open University

اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک میں زیتون کی پیداوار کو فروغ دینے اور زرعی سائنس کے طلبہ کو علم و تحقیق اور تجربات کے لئے مین کیمپس میں ”باغِ زیتون” قائم کردیا ہے جو کیمپس میں پہلے سے قائم نباتاتی باغ کے توسیعی منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد باغبانی میں علم و تحقیق کا فروغ ہے۔ باغ زیتون سائنسی مطالعے کے لئے ایک اوپن لیبارٹری ہوگی جس میں تحقیقی کام کے لئے دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بھی اجازت ہوگی۔ یہ باغ ایک نرسری کے طور پر کام کرے گا جو ایگریکلچر سائنس کے طلبہ کے لئے تجربات کا مرکز ہوگا۔ زیتون کے باغ کے لئے نیشنل اولیو پروموشن پراجیکٹ نے یونیورسٹی کو 1500پودے عطیہ کئے تھے۔ باغ میں زیتون کا پہلا پودا وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے لگایا۔ پودے لگانے میں یونیورسٹی کے ڈینز اکیڈمک انتظامی و سروسنگ شعبہ جات کے صدور فیکلٹی ممبرز اور ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے حصہ لیا۔ یونیورسٹی کو پودوں پھولوں اور درختوں سے سجانے اور کیمپس میں صحت مند ماحول پیدا کرنے پر مالیوں کو انعامات دئیے جائیں گے۔ اِن خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے باغِ زیتون کی افتتاحی تقریب میں مالیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ ملک کو سرسبز بنانے کے قومی مہم میں حصہ ڈالنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس کا آغاز ہمیں اپنے ہی گھر سے کرنا چاہئیے۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ شعبہ زرعی سائنس نے یونیورسٹی کو ہر قسم کے پودوں اور پھولوں سے سجایا ہے جو بھی مہمان آتے ہیں سب یونیورسٹی کے ماحول اور خوبصورتی کی تعریف کرتے ہیں جس پر یونیورسٹی کے مالی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ِشعبہ زرعی سائنس کے چئیرمین شیر محمد خان نے کہا ہے کہ یہ باغ مقبول اقسام کے پودوں پر مشتمل ہوگا اور ایک اوپن لیب ہوگی جس میں سائنسی تحقیق کے مقاصد کے لئے پودوں کے ذخیرے کی دستاویزات ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ تحقیق کے فروغ کے لئے یونیورسٹی کے سائنس بلاک میں "پلانٹ ٹشو کلچر لیبارٹری”بھی قائم کی جاچکی ہے جس میںکیلے کے پودے تیارکرکے گرین ہائوس منتقل کئے جاتے ہیں تناور ہونے کے بعد ان پودوں کو فیلڈ میں شفٹ کئے جاتے ہیں۔شعبہ زرعی سائنس کے ڈاکٹر صابر حسین شاہ کے مطابق ٹشو کلچر ٹیکنالوجی کے ذریعہ اس باغ میں زیتون کے اقسام کئی گنابڑھ جائے گی۔