علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی امپیکٹ رینکنگ میں پائیدار ترقی کے مختلف اہداف میں نمایاں کامیابی حاصل کر لی

2

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):عالمی درجہ بندی کے معتبر ادارہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے سال 2025ء کی امپیکٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف ایس ڈی جی4(معیاری تعلیم)کی درجہ بندی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان کی وفاقی جامعات میں پہلی جبکہ پاکستان بھر کی تمام یونیورسٹیوں میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ایس ڈی جی 8(معقول روزگار اور معاشی نمو)کی درجہ بندی میں بھی پاکستانی جامعات میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ ایس ڈی جی10 (عدم مساوات کا خاتمہ)اور ایس ڈی جی 17 (اہداف کے لئے شراکت داری)کی درجہ بندی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستانی جامعات میں پہلی پوزیشن پر رہی۔ایس ڈی جی 1 (غربت کا خاتمہ) میں پورے پاکستان میں تیسرے نمبر پر رہی۔

یونیورسٹی کو ملنے والے ان اعزازات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دنیا کی بہترین جامعات کے مقابلے میں کسی بھی لحاظ سے کم نہیں ہے، ہمارا نصاب تعلیم، لیبارٹریاں، اساتذہ و دیگر معاملات عالمی معیار کے مطابق ہیں اور یہاں معیاری تعلیم کے پیرا میٹرز کو مکمل طور پر حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے پائیدار ترقی کے مختلف اہداف میں نمایا ں کامیابیاں حاصل کیں جو ہمارے لئے باعث فخر بات ہے۔