اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ”پڑھا لکھا پاکستان” کے وژن کے تحت بلوچستان، گلگت بلتستان اور ضم شدہ قبائلی اضلاع (سابقہ فاٹا) کے طلبہ کو میٹرک کی سطح پر تعلیم مفت فراہم کر رہی ہے، یہ اقدام پسماندہ اور محروم علاقوں کے بچوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا مظہر ہے تاکہ وہ بھی قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ پاکستان کا کوئی بچہ صرف مالی مجبوری کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کے ناظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس جاری پروگرام کی بھرپور تشہیر کریں اور ہر گائوں، بستی اور گھر تک یہ پیغام پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا یہ تاریخی اقدام نہ صرف تعلیمی مساوات کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم ہے بلکہ ملک کے دور افتادہ علاقوں میں شرح خواندگی بڑھانے کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے والدین، اساتذہ اور کمیونٹی لیڈرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ اس تعلیمی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔سمسٹر خزاں 2025ء کے لیے میٹرک سے پی ایچ ڈی تک کے تمام پروگرامز میں داخلے جاری ہیں۔ متعلقہ علاقوں کے طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد قریبی علاقائی دفتر سے رابطہ کریں اور اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کریں۔