علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا سمسٹرخزاں کے داخلوں کا شیڈول جاری

1360

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹرخزاں کے پروگراموں کے داخلوں کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ سید ضیاء الحسنین نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں تفصیلات ویب سائٹ www.aiou.edu.pkپر فراہم کردی گئی ہیں۔بی ایس، بی ایس سی،ایم بی اے،ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلے کے لئے 20اگست تک آن لائن کیا جاسکتا ہے۔

بی ایس، بی ایس سی اور ایم بی اے پروگراموں کے داخلے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر دئیے جائیں گے جبکہ ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈ ی پروگرامز میں داخلہ کے لئے انٹری ٹیسٹ پاس کرنا ضروری ہے، ان پروگرامز کے انٹری ٹیسٹ یونیورسٹی میں 22تا 24اگست منعقد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے انعقاد اور میرٹ لسٹیں مرتب کرنے میں شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگرامز کے داخلے بھی جاری ہیں، ان پروگراموں کے داخلے کی آخری تاریخ 5ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کے مین کیمپس، علاقائی دفاتر/رابطہ دفاتر اور ملک بھر میں قائم کردہ سیل پوائنٹس سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔