علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے بی ایڈ کے چار مختلف پروگرامز میں داخلوں کا آغاز

45

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا بنیادی مشن معیاری تعلیم کی فراہمی اور پیشہ ور اساتذہ کی تیاری ہے، بی ایڈ کے متنوع پروگرام اسی وژن کی تکمیل کا حصہ ہیں۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تربیت اساتذہ کے حوالے سے ملک بھر میں ایک ممتاز مقام رکھتی ہے، اب تک یونیورسٹی سے لاکھوں اساتذہ تدریسی تربیت حاصل کر کے پاکستان بھر کے سکولوں، کالجز اور جامعات میں علم کا چراغ روشن کر رہے ہیں۔ ہر سال ہزاروں نئے طلبہ اس تعلیمی قافلے کا حصہ بنتے ہیں جو یونیورسٹی کے معیار، اعتماد اور قومی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اسی شاندار روایت کو برقرار رکھتے ہوئے یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2025ء کے داخلوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں بی ایڈ کے چار مختلف دورانیے کے پروگرامز پیش کر دیے گئے ہیں۔

ان پروگرامز میں ڈیڑھ، دو، اڑھائی اور چار سالہ بی ایڈ شامل ہیں جو مختلف تعلیمی پس منظر رکھنے والے طلبہ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیئے گئے ہیں تاکہ ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے خواہشمند اساتذہ کو ایک روشن تعلیمی مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ڈیڑھ سالہ بی ایڈ پروگرام ان طلبہ کے لیے پیش کیا گیا ہے جنہوں نے بی ایس، ایم اے یا ایم ایس سی مکمل کیا ہو جبکہ دو سالہ بی ایڈ پروگرام ان افراد کے لیے موزوں ہے جنہوں نے ایسوسی ایٹ ڈگری ان ایجوکیشن حاصل کر رکھی ہو۔ اڑھائی سالہ پروگرام میں وہ طلبہ داخلہ لے سکتے ہیں جن کے پاس بی اے، بی ایس سی یا ایسوسی ایٹ ڈگری ہو جبکہ چار سالہ بی ایڈ پروگرام خاص طور پر انٹرمیڈیٹ پاس طلبہ کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا بنیادی مشن معیاری تعلیم کی فراہمی اور پیشہ ور اساتذہ کی تیاری ہے اور بی ایڈ کے یہ متنوع پروگرام اسی وژن کی تکمیل کی ایک عملی شکل ہیں۔

واضح رہے کہ مختلف بی ایڈ پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پر دستیاب ہیں جبکہ آن لائن داخلہ فارم جمع کروانے کے لیے http://fmbp.aiou.edu.pk پر رسائی حاصل کی جا سکتی ہے اور خواہشمند طلبہ یہ فارم یونیورسٹی کے قریبی علاقائی دفاتر یا مقررہ سیل پوائنٹس سے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ داخلہ جمع کروانے کی آخری تاریخ 11 اگست 2025ء مقرر کی گئی ہے۔داخلے سے متعلق مزید معلومات کے لیے قریبی علاقائی دفتر یا یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔