علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے داخلوں کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے، ایک بھی بچہ زیور تعلیم سے محروم نہ رہے، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود

238
Professor Dr. Nasir Mahmood
Professor Dr. Nasir Mahmood

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان سمیت ملک کے چاروں صوبوں میں قائم کیمپسز کے ہیڈز کو ہدایت کی ہے کہ وہ یونیورسٹی کے داخلوں کا پیغام گھر گھر پہنچائیں تاکہ ملک بھر میں حصول تعلیم کا ایک بھی خواہشمند بچہ بے خبر نہ رہے، داخلہ لینے کی جانب نہ صرف انہیں راغب کریں بلکہ ان کی راہنمائی کریں،

انہیں بھرپور تعاون اور سپورٹ فراہم کریں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے داخلوں کی تعداد کو 15 لاکھ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے رواں سمسٹر کے داخلوں میں ہر ریجن کو 10 فیصد داخلے بڑھانے کا ہدف دیا ہے، ریجنل دفاتر وائس چانسلر کے احکامات پر عمل پیرا ہیں اور گھر گھر جاکر مہم چلا رہے ہیں۔

تعلیم دوست وژن کے تحت آرام، سکون، آسائشیں ترک کرکے آئوٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے اور یونیورسٹی کی انرولمنٹ بڑھانے کے لئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود خود میدان میں اترے ہیں، وطن عزیز کے دور افتادہ علاقوں کا انتخاب کرکے آزاد جموں و کشمیر، صوبہ سندھ، صوبہ پنجاب کے مختلف نظر انداز شدہ علاقوں کے دورے کئے ،جہاں انہوں نے ریجنل ہیڈز کے ہمراہ ان علاقوں میں مختلف مقامات پر طلباء و طالبات کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات اور طلبہ کی سہولیات پر اظہار خیال کیا۔

ان دوروں میں ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان اور ڈائریکٹر شعبہ داخلہ سید ضیاء الحسنین وائس چانسلر کے ہمراہ تھے ،جنہوں نے ان اجتماعات میں موجود طلباء و طالبات کو سمسٹر خزاں 2024 کے جاری داخلوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔