علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت ضلع تورغر سے تعلق رکھنے والی درجنوں بچیوں نے میٹرک مکمل کر لیا

2

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت ضلع تورغر کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی درجنوں بچیوں نے میٹرک مکمل کر لیا۔

اس اہم کامیابی کی خوشی میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جو متبادل تعلیمی راستے (اے ایل پی) کے تحت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا اور یونیسیف کے اشتراک سے ممکن ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود تھے جنہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیتی ہے،ہماری خواہش ہے کہ ملک کے پسماندہ ترین علاقوں کی لڑکیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے۔

دور افتادہ اور محروم علاقوں کی بچیوں تک معیاری تعلیم کی فراہمی ہمارا مشن ہے جو ہم بھرپور عزم سے جاری رکھیں گے۔تقریب میں ڈاکٹر توقیر احمد خان (ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز)، ڈپٹی کمشنر تورغر، یونیسیف، اے ایل پی اور جائیکا کے نمائندے، اساتذہ، والدین اور کامیاب طالبات شریک ہوئیں۔ اسناد کی تقسیم کے ساتھ طالبات کے جذبے اور محنت کو بھرپور سراہا گیا۔یونیسیف اور اے ایل پی کی مالی و تکنیکی معاونت نے اس کامیابی کو ممکن بنایا جو پاکستان کے دور دراز علاقوں میں لڑکیوں کو تعلیم یافتہ اور بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔