علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے نئے تعلیمی رجحانات ، طلبہ کی ضروریات کے پیش نظر 10 مضامین میں چار سالہ بی ایس پروگرامزمتعارف

366
Allama Iqbal Open University
Allama Iqbal Open University

اسلام آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے نئے ابھرتے ہوئے تعلیمی رجحانات اور مارکیٹ پر مبنی طلبہ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 10مختلف مضامین میں چار سالہ بی ایس پروگرامزمتعارف کرادیے، ان کورسز کی منظوری وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کی سفارشات پر دی ہے۔ بی ایس پروگرامز میں بی ایس اکائونٹنگ اینڈ فنانس، بی ایس)لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنسسز(، بی ایس )جینڈر اینڈ ویمن سٹڈیز(، بی ایس)اسلامک سٹڈیز (، بی ایس )عربیک(، بی ایس )ماس کمیونیکیشن(، بی ایس )اردو (، بی ایس )انگریزی (، بی ایس )پاکستان سٹڈیز( اور بی ایس)انسٹرکشنل ڈیزائن اینڈ ٹیکنالوجی( شامل ہیں۔اِن میں سے آٹھ بی ایس پروگرامز او ڈی ایل نظام تعلیم کے تحت آفر کیے گئے ہیں جبکہ بی ایس اکائونٹنگ اینڈ فنانس اور بی ایس)انسٹرکشنل ڈیزائن اینڈ ٹیکنالوجی( پروگرامز بلینڈڈ اور ای لرننگ موڈ کے تحت پیش کئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ کے مطابق بی ایس کے کسی بھی پروگرام میں داخلہ فارم 15 اکتوبر تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔داخلوں، امتحانات اور کتابوں کی ترسیل کے ٹائم فریم کے لئے حال ہی میں یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار ایک جامع سالانہ تعلیمی کیلنڈر تیار کیا گیا ہے اور اس پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔اکیڈمک سرگرمیوں کے بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے دونوں سمسٹر ز بہار اور خزاں کے داخلوں کا طریقہ کار اور اوقات تبدیل کردیے گئے ہیں ۔طلبہ کو گھر کی دہلیز پر موثر خدمات فراہم کرنے کے لئے جدید دور کی ضروریات کے مطابق بتدریج ایک ڈیجٹلائزڈ اور آن لائن نظام لاگو کیا جارہا ہے۔ طلبہ کو بہترین تعلیمی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یونیورسٹی کے 49 علاقائی دفاتر کو بااختیار بنایا جارہا ہے۔