علامہ اقبال کی دی گئی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلم اُمہ کو درپیش مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے،راجہ پرویز اشرف

92

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کی دی گئی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلم اُمہ کو درپیش مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال کی 84ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے جاری بیان میں کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ علامہ اقبال مفکر پاکستان تھے، جنہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلم اُمہ کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقبال ہی تھے جنہوں نے قائد اعظم کو یہ احساس دلایا کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن دلا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کا یوم وفات مسلمانوں کو ان کے نظریات وتعلیمات پر غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق کا مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا خواب جہاں وہ اپنے مذہبی اصولوں کے مطابق زندگی بسر کر سکیں کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔ سپیکر نے کہا کہ علامہ اقبال اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے اور انہوں نے مسلمانوں کو اپنے وسائل اور زور بازو پر انحصار کرنے کا درس دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم علامہ اقبال کی تعلیمات پر عمل پیرہ ہو کر اور اسلامی طرز کو اپنا کر ہم اثر حاضر کے مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔