علما ءمحرم الحرام میں امن وامان کیلئے کردار ادا کریں،آئمہ وخطبا اورواعظین محراب ومنبر سے قومی یکجہتی کوفروغ دیں۔ڈاکٹرراغب نعیمی

10

لاہور۔20جون (اے پی پی):چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ علما ءمحرم الحرام میں امن وامان کیلئے کردار ادا کریں۔ آئمہ وخطبا اورواعظین محراب ومنبر سے قومی یکجہتی کوفروغ دیں۔ محرم الحرام ہمیں امن اور صبر کا سبق دیتا ہے۔ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے عناصر پر کڑی نظر رکھنی ہوگی اور ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ملک پہلے ہی دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے مزید ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے بہترین حل تلاش کرناہوگا۔ پاکستان کے دشمن ملک میں انتشار اور فرقہ واریت پھیلانا چاہتے ہیں۔علما کرام خطبا اور مصنفین اپنی تقریروں اور تحریروں میں توازن و اعتدال پیدا کریں اور ایسے اشتعال انگیز بیانات اورتحریروں سے پر ہیز کریں جن سے دوسروں کی دل آزاری ہو سکتی ہو۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ محرم الحرام حرمت والا مہینہ ہے اور یہ مہینہ انسانی تاریخ میں عظیم قربانیوں سے عبارت ہے اور ملت اسلامیہ پرمحرم الحرام کا احترام ہر حال میں لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ محر م الحرام کا مہینہ مسلم امہ کو مسلکی اور فقہی تضادات میں الجھنے کے بجائے ایک دوسرے کے عقائد اور مسالک کے احترام کا درس دیتا ہے ۔ محرم الحرام کے مہینے کی حرمت پامال کرنے والے عناصر کسی طرح بھی مسلم امہ کے دوست نہیں ہوسکتے۔ دفاع وطن اور قیام امن کے لئے پوری قوم افواج پاکستان اور اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وقت آنے پر ہراول دستے کا کردار ادا کرئے گی۔