علم و ادب کے سر چشمے معاشرے کی روح ہوتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

61
Prime Minister Shahbaz Sharif
Prime Minister Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ علم و ادب اور فنون لطیفہ کو پس پشت ڈالنے والے معاشرے مشینی سوچ کا شکار ہو کر لطیف انسانی جذبات سے محروم ہو جاتے ہیں،ان اداروں کے نظم و نسق اور کارکردگی کو بہتر بنانے، نیز نئے دور کے تقاضوں کے مطابق ان کے دائرہ کار اور مینڈیٹ کو وسیع کرنے کے لیے حکومت جلد ایک کمیٹی تشکیل دے گی۔منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سےپاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ علم و ادب کے سر چشمے معاشرے کی روح ہوتے ہیں، ہم تہذیب و ثقافت کا عظیم سرمایہ رکھتے ہیں جس پر پوری قوم کو بجا طور پر فخر ہے۔ علمی، ادبی، تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے قومی اداروں کی بندش یا ضم کرنے کی کسی تجویز پر عمل درآمد حکومت کے زیر غور نہیں، اس کے برعکس ان اداروں کو مزید مضبوط، موثر اور کارآمد بنانے کی کوشش کریں گے تاکہ معاشرہ انتہا پسندی جیسے مرض سے پاک ہو اور ہمارا حقیقی مثبت تاثر دنیا کے سامنے ابھرے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیراعظم کو علمی اداروں کی بندش یا ایک دوسرے میں ضم کرنے کے حوالے سے حکومت کی رائیٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات پر ملک بھر میں اہل علم و دانش، ادیبوں، شاعروں اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے طبقوں میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیراعظم کو بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے گزشتہ دور میں ان اداروں پر خاص توجہ دی گئی اور ان کی کارکردگی کو ملک کے ہر طبقے میں سراہا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ علم و ادب اور فنون لطیفہ کو پس پشت ڈالنے والے معاشرے مشینی سوچ کا شکار ہو کر لطیف انسانی جذبات سے محروم ہو جاتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ان اداروں کے نظم و نسق اور کارکردگی کو بہتر بنانے، نیز نئے دور کے تقاضوں کے مطابق ان کے دائرہ کار اور مینڈیٹ کو وسیع کرنے کے لیے حکومت جلد ایک کمیٹی تشکیل دے گی۔سینیٹر عرفان صدیقی نے علمی اور ادبی اداروں کے حوالے سے وزیراعظم کے واضح اعلان کا شکریہ ادا کیا۔