اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ علم و ادب کے فروغ سے قومی مزاج اور مثبت رویوں کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے، معاشرے اور قوم کی حقیقی ترقی کے لئے اہل علم و ادب کو فکری محاذ پر متحد ہو کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ وہ چیئرمین پی ٹی وی اور معروف دانشور عطاءالحق قاسمی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے پیر کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں ان سے ملاقات کی۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ اردو کے بطور سرکاری زبان نفاذ کے لئے ٹھوس کوششیں جاری ہیں۔ اہل علم، زبان و ادب اس قومی فریضہ کی انجام دہی میں ہمارے دست و بازو بنیں تاکہ قومی آرزوئیں اور تمنائیں پوری ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی تہذیب و ثقافتی روایات کے فروغ میں پاکستان ٹیلی ویژن نے ہمیشہ نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔ موجودہ حالات میں پی ٹی وی کو قومی تعمیر و ترقی، نظریاتی تشخص، سیاسی استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے موثر حکمت عملی اپنانی چاہیے۔