اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے درست احتجاج کا طریقہ اپنا ہی لیا، مہذب معاشروں میں احتجاج پرامن ہی ہوتا ہے اور کام بھی چلتا رہتا ہے، زندگی مفلوج نہیں ہوگی۔ جمعرات کو علی امین گنڈاپور کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے کی جانب سے 10 ماہ میں پہلی مرتبہ احتجاج کا درست انداز اپنانا قابل تحسین ہے، کاش وہ 26 نومبر اور 9 مئی کو بھی چڑھائی اور جلائو گھیرائو کرنے کی بجائے ایسے ہی ”اوو اوو“ کر کے احتجاج کر لیتے۔ انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ انتشار، فساد، جلائو گھیرائو آپ کا وطیرہ ہے۔