علی حیدر گیلانی کی منظر عام پر آنے والی ویڈیو کی تحقیقات ہونی چاہئیں، سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید

48

اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کی منظر عام پر آنے والی ویڈیو کی تحقیقات ہونی چاہئیں، ووٹ ضائع کرنا اور ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانا ایک غلط عمل ہے، معاملے کی مکمل انکوائری ہونی چاہیے، سینٹ الیکشن میں ہمیشہ سے پیسہ چلتا ہے، صرف وزیراعظم عمران خان نے سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کی بات کی، ہمیں اوپن بیلٹ کی جانب جانا چاہیے تاکہ ہم بدعنوانی کا خاتمہ کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لئے آواز اٹھائی اور ہارس ٹریڈنگ کے الزامات پر اپنی پارٹی کے 20 ایم پی ایز کو پارٹی سے نکالا اور وزیراعظم عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے عملی طور پر اوپن بیلٹ کے ذریعے سینٹ الیکشن کروانے کی کوشش کی، آئینی ترمیم لے کر آئے لیکن اپوزیشن نے اس کو مسترد کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر آئینی ترمیم ہو جاتی اور اوپن بیلٹ کے تحت الیکشن کا طریقہ کار طے کر لیا جاتا تو آج کسی کو فکر ہی نہ ہوتی، جس پارٹی کی اسمبلیوں میں جتنی نمائندگی ہے اسی لحاظ سے اس پارٹی کے سینیٹرز منتخب ہو جاتے، جس طرح پنجاب میں ہوا، اسی طرح باقی جگہوں میں بھی ہوتا، سینیٹ کے الیکشن کی بھی ضرورت نہ پڑتی بلکہ پارٹی لسٹ پر ہی لوگ سینیٹ میں آ سکتے تھے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جو عوام کے نمائندے اسمبلیوں میں پہنچتے ہیں وہ عوام کے ٹرسٹی ہوتے ہیں، عوام نے کسی پارٹی کے نظریئے اور منشور پر ان اراکین کو ووٹ دیا ہوتا ہے اور ان منتخب لوگوں کا ووٹ عوام کی امانت ہوتی ہے اور ممبران کو عوام کی امانت میں خیانت نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت میں بھی سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت روکنے کے حوالے سے بحث ہوتی رہی، عدالت نے جو رائے دی ہے اس میں واضح کیا گیا ہے الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کو یقینی بنائے اور اس حوالے سے ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اوپن بیلٹ کی جانب جانا چاہیے تاکہ ہم بدعنوانی کا خاتمہ کر سکیں، بالخصوص سینیٹ کے الیکشن میں جس طرح پیسہ چلتا ہے، مختلف ویڈیوز بھی اس حوالے سے منظر عام پر آ چکی ہیں، صرف وزیراعظم عمران خان ہی سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔