عمرانی دور میں سہولت کاروں میں 3 ارب ڈالر کی بندر بانٹ کی گئی،شازیہ مری

160
شازیہ مری
حکومت نے سماجی بہبود کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافہ کیا ، شازیہ مری

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمرانی دور میں سہولت کاروں میں 3 ارب ڈالر کی بندر بانٹ کی گئی۔انہوں نے عمران خان کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ عمران کی طرف سے سہولت کاروں میں تین ارب ڈالر کی تقسیم میگا اسکینڈل ہے۔عمران نیازی کی وجہ سے ملک کی معیشت میں سونامی آیا اور بیڑہ غرق ہوگیا۔

شازیہ مری نے کہا کہ عمران نیازی نے ملک کا وہ حشر کیا جو پاگل بیل کانچ کے گھر کا کرتا ہے۔عمران نیازی کی لوٹ مار کی وجہ سے آج حکومت ایک ارب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف سے رجوع کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک نالائق لاڈلے کو ملک پر مسلط کیا گیا جس نے ہر سمت تباہی مچادی۔ پندرہ پندرہ ارب روپے کا انٹرسٹ فری قرض دیا گیا،یہ پیسہ کیا، ان کے باپ کاتھا؟انہوں نے کہا کہ معیشت کو تباہ کرکے ملک کو بدحال کرنا عمران نیازی کا ایجنڈا رہا ہے۔عمران نیازی سے وہ تین ارب ڈالر ریکور کرکے قومی خزانے میں جمع کئے جائیں۔