حکومت انتہائی نامساعد حالات میں ملک کو سنبھال رہی، جلد مشکلات پر قابو پالیں گے،وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان کا تقریب سے خطاب

184

فیصل آباد۔8اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنااللہ خان نے کہا ہےکہ عمرانی فتنے نے ملک کو تباہی کے کنارے لاکھڑا کیا، آئی ایم ایف کی بات نہ مانتے تو مرتے اور مانیں تو عوام متاثر ہورہے ہیں،حکومت انتہائی نامساعد حالات میں ملک کو سنبھال رہی لیکن انشااللہ ہم جلد مشکلات پر قابو پالیں گے،31 مئی 2012 میں ملک کہاں تھاجب محمد نواز شریف آیا تو کیا ملک نے ترقی نہیں کی،نواز شریف کے دور میں ملک میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی گئی مگراس کے بعد ایک فتنے کوپورا پلان کرکے لایا گیا، بدقسمتی ہے کہ اس بد بخت انسان کو پاکستان پر مسلط کیا گیاجوچار سال ہمارے ساتھ پارلیمنٹ میں بیٹھا رہا مگراس نے کبھی سلام تک لینا مناسب نہیں سمجھااورنہ ہی اس کے چار سالوں میں اس کے پاس کوئی پالیسی تھی۔

وہ ہفتہ کی شام اپنے حلقہ نیابت میں 121.629 ملین روپے کی لاگت سے امیں پور بنگلہ تا پل مزارع برلب نہر کے منصوبہ کنسٹرکشن، امپروومنٹ اور ری کنسٹرکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر میاں محمد اجمل آصف سابق ایم پی اے سمیت کئی اہم سیاسی شخصیات، مسلم لیگی کارکنان اوراہل علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب 2013 میں عوامی مینڈیٹ سے نواز شریف اقتدار میں آئے تو ڈالر 110 روپے، پٹرول65 روپے لیٹر،چینی50 روپے، آٹا35 روپے کلو تھا۔اس وقت بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی عروج پر تھی مگر نواز شریف نے اقتدار میں آتے ہی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔

اس وقت ملک6.2 فیصد کے حساب سے تیزی سے ترقی کررہا تھاتو پھر کیا وجہ بنی کہ ایک سازش کے تحت نواز شریف کی حکومت ختم کرکے لاڈلے فتنے کو لایا گیا جس نے پہلے کہا کہ اگر مجھے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا تو میں اس کے بدلے خود کشی کو ترجیح دوں گا،اسلئے اچھا ہی ہوتا کہ اگر وہ خود کشی کرلیتا اور آئی ایم ایف کے سامنے نہ لیٹتا اور اس کی وجہ سے عوام مہنگائی کا شکار نہ ہوتے لیکن اس فتنے نے آئی ایم ایف سے ایسا معاہدہ کرلیا کہ اگر ہم وہ پورا نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا اور اگر ملک کو بچایا ہے تو آئی ایم ایف نے ایسی ایسی شرائط رکھی ہیں کہ فلاں سبسڈی ختم کرو، فلاں ریلیف واپس لو اور اب اگر اس کی بات مانتے ہیں تو مہنگائی عوام کی کمر توڑتی ہے لہٰذا ہم نے سیاست کی بجائے ریاست بچانے کیلئے یہ کڑوا گھونٹ پیا اور یہی وجہ ہے کہ حکومت اس وقت انتہائی نامساعد حالات میں ملک کو سنبھال رہی ہے

لیکن بس یہ صورتحال تھوڑے وقت کیلئے ہے اسلئے عوام کو چاہیے کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں اس سازشی فتنے کی ملک و عوام دشمن سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کردیں تاکہ مسلم لیگ ن ایک بار پھر عوامی خدمت اور ملکی تعمیر و ترقی کا سفر شروع کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ عمرانی فتنے نے معاشرے میں بڑے چھوٹے کی تمیز ختم کردی اور اوئے توئے کا ایسا کلچر متعارف کرایا کہ نوجوان نسل اخلاقی پستی و تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی۔انہوں نے کہا کہ ساری زندگی نہ اس نے کسی کی عزت کی، نہ اس کی اپنی عزت تھی،نہ اس نے کسی کو عزت کرنا سکھایا۔انہوں نے کہا کہ وہ پوچھتے ہیں کہ اس نے یوتھ کیلئے جن ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا وہ نوکریاں کہاں ہیں، بے گھر افراد کیلئے جن 50 لاکھ گھروں کا اعلان کیا تھا وہ گھر کہاں ہیں،

بلکہ سچی بات تویہ ہے کہ اس کی کام پر کوئی توجہ ہی نہیں تھی، نہ کوئی پلاننگ، نہ کوئی ٹیم بلکہ اس نے اپنی تمام تر توجہ سیاسی مخالفین کو کچلنے اور ان پر جھوٹے مقدمے قائم کرنے پر لگائی اور ان سمیت دیگر سیاسی مخالفین پر ایسے ایسے بے بنیاد مقدمے بنائے کہ مخالفین بھی کہتے تھے کہ ایسے جھوٹے مقدمے نہ بناؤ جن کا کوئی سر پیر ہی نہ ہو لیکن یہ ضدی اپنی ڈھٹائی و ضد پر اڑا رہا اور چار سالوں میں ملک کا بیڑا غرق کردیا۔ رانا ثااللہ نے کہا کہ جمہوریت میں اگر ایک محلے میں ہزار ووٹ ہے تو آدھے ایک اور آدھے دوسرے امیدوار کو ووٹ دیتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ جیتنے والا بعد میں کہے کہ میں نے ووٹ نہ دینے والوں کو یہاں رہنے ہی نہیں دینا،

جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اس بدبخت کی تھیوری دیکھیں کہتا ہے کہ میں سیاسی مخالفین سے بات نہیں کروں گا اور شاید یہ تاریخ میں پہلا شخص ہے جو اپنی زندگی میں ہی روز اپنے قتل کی ایف آئی آر درج کروارہا ہے اور سیاسی مخالفین پر قتل کے الزام لگا رہا ہے اب اس سے کوئی یہ پوچھے کہ اگر اس دوران کوئی اور واردات ڈال دے کہ اس نے تو قتل کا الزام اپنے سیاسی مخالفین پر لگا ہی رکھا ہے اسلئے کوئی اور اس کی بیوقوفی کا فائدہ اٹھا لے لہٰذا سیاست میں ایسے نہیں چلتا لیکن یہ سیاستدان ہے ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں موٹرویز بنائیں، میٹرو، ہسپتال، جگہ جگہ یونیورسٹیاں، پل اور دیگر میگا پراجیکٹ بنائے،آج ایک عام سے عام شہری بھی ایک ہی دن میں موٹروے پر صبح سے شام تک لاہور، پشاور، ملتان، سکھر، کراچی تک کا محفوظ و تیز رفتار سفر کرسکتا ہے لیکن فتنہ بتائے کہ اس نے کیا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس بدبخت نے انتقام، جھوٹ بولنے اور مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے سوا کچھ نہیں کیایہی وجہ ہے کہ اس کی پالیسیوں کے نتیجہ میں آج ڈالر اور پٹرول 300روپے کے قریب پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک پر مشکل وقت آیا خواہ وہ ایٹمی دھماکوں کا وقت ہو، بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو، دہشت گردی ہوعوام نے نواز شریف پر اعتماد کیا اور انہوں نے ہی ملک کو بحرانوں سے نکالا لہٰذا اب ایک بار پھر وقت آگیا ہے کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں تاکہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ایک بار پھر تعمیر و ترقی کی شاہراہوں پر گامزن کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جب بات کرتے ہیں تو ہم اپنی کارکردگی سامنے رکھتے ہیں لیکن اس کی تو کوئی کارکردگی نہیں تھی اس نے تو بس مخالفین پر مقدمے درج کئے۔انہوں نے کہا کہ انہیں پنجاب میں دو اڑھائی مہینے کے لیے حکومت ملی اوروہی تھوڑا سا جو وقت تھا اس میں مسلم لیگ (ن) نے کوشش کی کہ زیادہ سے زیادہ کام کریں لہٰذاانہوں نے بائی پاس کو اڑھائی سو کروڑ روپے کی لاگت سے بنوایا ہے اور باقی حلقہ میں بھی تھوڑے سے عرصے میں ساڑھے تین سو کروڑ کے کام کروائے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ وہ پورے حلقے کے ہر گاؤں میں گیس مہیا کریں گے جبکہ جن علاقوں میں بجلی کا مسئلہ ہے اسے بھی آئندہ چند روز میں حل کردیا جا ئے گا۔