اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان احتساب ٹرین چلانے سے پہلے سابق احتساب کمشنر خیبر پختونخوا کی وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کے خلاف چارج شیٹ، پیڈو لیکس اور پارٹی چندے میں گھپلوں کا قوم کو جواب دیں، صوبائی حکومت ٹرین چلاتی رہے، پختونخوا کے عوام نے ڈبہ بدلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے تین قیمتی سال ضائع کرنے کے بعد 13 نکات کی پٹاری ناکامیوں کو چھپانے کی چال ہے، عمران خان کو دوسروں کا سکرپٹ پڑھنے کی عادت ہو گئی ہے، انہیں پریس کانفرنس میں یہ تک پتہ نہیں تھا کہ ادارہ بن گیا ہے یا ابھی بننا ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ تحریک انصاف والے پہلے میڈیا کو گالیاں دیتے اور تشدد کا نشانہ بناتے ہیں، بعد میں عمران خان میڈیا کے سامنے معصوم شکل بنا کر آ جاتے ہیں، کسی سینئر کالم نگار، اینکر پرسن یا میڈیا کے دیگر افراد کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے کسی فرد کے خلاف اب تک کارروائی نہیں ہوئی۔ مشیر وزیراعظم نے تشدد کا نشانہ بننے والے صحافیوں سے اظہار ہمدردی کیا۔