اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اسمبلی تحلیل کرنے کو سیاسی دھمکی کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کے پنجاب میں اتحادی اور خیبر پختون خواہ کے رہنما اسمبلیاں توڑنے کے حق میں نہیں ہیں، عمران خان ابھی تک اداروں کی منتیں کر رہے ہیں کہ وہ ان کے حق میں مداخلت کریں اور اس امید میں بیٹھے ہیں کہ ان کو 2018 کی طرح اقتدار میں لایا جائے گا ۔
اتوار کو عمران خان کے خطاب پر اپنے ردعمل میں شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کہتے ہیں مارچ تک اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی، خیبر پختونخواہ والے کہتے کہ پہلے پنجاب اسمبلی تحلیل کرو، عمران خان اسمبلی تحلیل کرنے کو سیاسی دھمکی کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں، حکومت عمران خان کی کسی دھمکی میں نہیں آئے گی۔ انہوںنے کہا کہ سیاست میں بات چیت غیر مشروط ہوتی ہے، بات چیت سے پہلے مطالبات نہیں کئے جاتے، اگر انتخابی فریم ورک پر بات کرنا چاہتے ہیں تو مثبت یو ٹرن لیں اور اسمبلی آئیں ورنہ آپ انتخابات کے بعد دھاندلی کا رونا روئیں گے۔
شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کو غلط فہمی ہے کہ وہ پاپولر ہیں اسلئے جلد انتخابات چاہتے ہیں، کشمیر کے انتخابات کے بعد ان کو اپنی مقبولیت کا پتا لگ گیا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کا ذمہ دار عمران خان خود ہیں، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، عمران خان حکومت میں ہوتے تو ملک ڈیفالٹ ہو چکا ہوتا۔