اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کے سوالوں کا جواب دیں، ان سے جو سوال پوچھے اسے گالی اور دھمکی دی جاتی ہے، عمران خان چاہتے ہیں کہ سب ان کے جھوٹ کی بیعت کرلیں، کرپشن کا حساب نہ لیں، وہ مرضی کے سوال، اپنی مرضی کے جواب، مرضی کا میچ، مرضی کا ایمپائر اور کھلاڑی چاہتے ہیں جہاں ان کی مرضی سے آئوٹ اور ناٹ آئوٹ دیا جائے۔
منگل کو سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری فواد حسین کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان مرضی کا جج، مرضی کا وکیل اور مرضی کا فیصلہ چاہتے ہیں، وہ آئین کو مانتے ہیں نہ قانون کو، وہ اپنے آپ کو ہی آئین اور قانون سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو ہی عدالت، جج اور پولیس سمجھتے ہیں، عدالت سوال پوچھے تو اس کی توہین کرنا، الزام لگانا اور پھر سازش کا راگ الاپنا شروع کر دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سوالات سے یہ آٹھ سال تک بھاگتے رہے اور انہوں نے الزامات لگانے اور گھیرائو کی دھمکیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے سوالات پوچھنے پر چینل، پروگرام اور کالم بند کئے جاتے رہے، مقدمات اور کالے قانون بنائے گئے، صحافیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، ان کی پسلیاں توڑی جاتی رہیں۔ اگر سیاسی مخالفین سوال اٹھاتے تو انہیں سزائے موت کی چکیوں میں ڈالنے اور گھر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چار سال تک ہر کوشش کے باوجود یہ کسی ایک سیاسی مخالف کے خلاف ایک الزام بھی ثابت نہیں کر سکے لیکن جھوٹ پر جھوٹ بولتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے شخص کو ذہنی مریض کہتے ہیں جس کی جگہ پاگل خانہ ہوتا ہے۔