عمران خان جیسا جھوٹا اور بزدل شخص آج تک پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نہیں آیا۔عظمی بخاری

208
Uzma Bukhari

لاہور۔6مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان جیسا جھوٹا اور بزدل شخص آج تک پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نہیں آیا،لیڈر وہ ہوتا ہے جو محمد نوازشریف کی طرح سیاسی انتقام کو ہنستے ہنستے برداشت کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔عظمی بخاری نے کہا کہ جیل سے نہ گھبرانے والے کی اصلیت پوری قوم نے ٹی وی پر دیکھ لی، وہ بہت خفا ہیں کہ لیڈر کو گیدڑ کیوں کہا ہے، مشرف دور میں دیواریں پھلانگ کر بھاگ گئے ،اب پلستر اتارا ہے تو پولیس کو دیکھ کر باتھ روم میں چھپ گئے ۔لیڈر وہ ہوتا ہے جو محمد نوازشریف کی طرح سیاسی انتقام کو ہنستے ہنستے برداشت کرتا ہے، گیدڑ وہ ہوتا ہے جوباتھ روم میں چھپ جاتا ہے، جس کی پولیس کو دیکھ کر طبیعت خراب ہوجاتی ہے، جوڈیشل کمپلیکس میں ہنگامہ آرائی کرتا ہے، اس آدمی نے جان بوجھ کر خطرے کا ڈرامہ بنایا ہوا ہے۔لیڈر وہ ہوتا ہے جو منتخب ہوکر عوام کی پرچی پر آتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محمدنوازشریف کو معلوم تھا پروجیکٹ عمران خان کو لایا جا رہا ۔ آج کل پی ٹی آئی کو پاکستان ٹرک انصاف کہتے ہیں، ایک شخص نے پاکستان کے تمام اداروں کے خلاف اعلان جنگ شروع کر رکھا ہے، جو عدلیہ عمران خان کو ریلیف دے وہ ان کو پسند ہے، جو لوگ قانون کی بات کرتے ہیں وہ عمران خان کو پسند نہیں ہیں ،پاکستان ٹرک انصاف کی ہر آڈیو کو جھوٹا قرار دیا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی ہر طرح کی تباہی میں شریک ہے، عدالت ان کو بلارہی ہے یہ توشہ خانہ کیس میں پیش نہیں ہورہے ۔ آئندہ ہمیں بھی کوئی قانون اور انصاف کا بھاشن نہ دے، عمران خان کے لئے کوئی قانون نہیں، عظمی بخاری نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں موت کا خطرہ ہے ،کیا ٹی ٹی پی نے پریس ریلیز میں کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ(ن) لیگ کے تمام لیڈران کو خطرات ہیں ہم بہادر ہیں جانتے ہیں اللہ کے ہاتھ موت ہے، رانا ثنااللہ عمران خان کو گرفتار کروائیں گے تو وہ ان کے ذہنی ٹیسٹ کروائیں گے، حکومت سے گزارش ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرکے ان کے دماغ کا معائنہ کروائیں ۔

انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں دو خواتین کی ٹیلی فونک گفتگو سن لیں تو شرم آتی ہے، نوشین حامد اور یاسمین راشد آڈیو میں کہتی ہیں خواتین رات تک زمان پارک میں نہ بیٹھیں ،قوم آنکھیں کھولے ۔عمران خان جو چوری ڈکیتی کرتا خیرات نہیں چھوڑتا کسی قانون کو کچھ نہیں سمجھتا ۔ عظمی بخاری نے کہا کہ ہم الیکشن کے لئے تیار ہیں ہمارا ہوم ورک تیار ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب زدگان کی مدد کی ۔معاشی حالات بہتر ہوں گے تو ان پر ہی خرچ ہوں گے، انہوں نے کہا کہ کاش کوئی عمران خان کو بتا دے کہ اب بھی سیلاب زدگان کو پیسوں اور امداد کی ضرورت ہے۔