راولپنڈی۔11دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو سیاسی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ملکی تنزلی کا نشان ہے، توشہ خانہ چور نے جو الزامات لگائے غلط ثابت ہوئے، کوئی ایک منصوبہ نہ لگانے والا ملک میں اربوں کی انوسٹمنٹ لانے والوں پر الزام لگا رہا ہے۔
اتوار کو یہاں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈیلی میل کی وزیراعظم شہباز شریف سے معافی دراصل پاکستان کے 22 کروڑ عوام سے معافی ہے، بغض اور حسد میں مبتلا شخص نے ڈیوڈ روز سے شہباز شریف کے خلاف خبر لگوائی۔
انہوں نے کہا کہ 2016 میں مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کے دور میں پاکستان 6.2 کی شرح سے ترقی کر رہا تھا، مہنگائی 2.3 فیصد پر تھی، بجلی کے کارخانے لگ رہے تھے لنگر خانے نہیں، آئی ایم ایف پروگرام رول بیک ہو رہا تھا، ملک میں سی پیک رواں دواں تھا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آرہے تھے، ملک میں 14 ہزار میگاواٹ بجلی بن رہی تھی، اس وقت ایک سازشی، فسادی، نالائق، نااہل اور توشہ خانہ چور امپائر کی انگلی کا انتظار اور دھرنا دے رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، عمران خان ایک سوتر بم ہی بنا کر دکھا دیتے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جبکہ عمران خان کے آنے کے بعد دہشت گردی دوبارہ شروع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ چور کہتا تھا ہم منی لانڈرنگ کرتے ہیں لیکن فارن ایجنٹ پاکستان اور برطانیہ کی عدالت میں ثبوت نہیں دے سکا جبکہ منی لانڈرنگ کرتے خود پکڑا گیا۔
مریم اورنگزیب نے سوال کیا کہ عمران خان اپنی چوریوں کا حساب کب دیں گے؟ عمران خان نے اپنے دور میں ملکی خزانے کو پرچون بنایا ہوا تھا، وزیراعظم شہباز شریف لوگوں کی بہتری کا سوچ رہے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور وفاقی وزیر احسن اقبال کو عدالتوں سے سرخرو ہونے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی کو 25 سال کی سزا ہوئی، آج بھی ڈٹ کے کھڑے ہیں، کچھ نہ ملا تو جھوٹی قسمیں کھا کر رانا ثناءاللہ پر ہیروئین ڈال دی، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ آج بھی شیر کی طرح کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی دہشت گرد ہے، وہ بی آر ٹی کا پیسہ ہڑپ کر گئے، جب فیصلہ ان کے خلاف آیا تو الیکشن کمشنر کو گالیاں دیں، بند کمروں میں آرمی چیف کو توسیع دینے اور کمروں سے باہر شہداءکے خلاف مہمیں چلاتے رہے،
عمران خان نے نالائق، نا اہل، چور بزدار کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ لگایا جس نے پنجاب کو ویران کر دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان چار سال کے بعد کہتا ہے کہ میرے پاس طاقت نہیں تھی، تمہارے پاس پنکی اور فرح گوگی تھی، تم نے خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی تک بیچ دی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف روزانہ بیٹی کے ساتھ پیشی بھگتنے آتے تھے،
انہوں نے اپنے 40 سال کے احتساب کا جواب دیا ہے جبکہ عمران خان سے سوال کریں تو ان کی سانسیں بند ہو جاتی ہیں، وہیل چیئر پر آجاتے ہیں۔ تقریب کے دوران پنڈال پارٹی نعروں ”پنڈی والو ! اے کی رولا پے گیا شیر بازی لے گیا“ سے گونج اٹھا۔