اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تمام بین الاقوامی فورمز پر مسلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں کامیاب رہا ہے اور پوری پاکستانی قوم بھارتی وزیر اعظم مودی کی انتہا پسندانہ ذہنیت کو ناکام بنانے کے لئے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریڈیو پاکستان کے حالات حاضرہ کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کا مقدمہ لڑرہے ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نےکامیابی کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی قبضے پر پاکستان کے موقف کو تسلیم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دنیا کو باور کرایا ہے کہ نازی ازم کی طرح بھارت کا ہندوتوا کا نظریہ بھی عالمی امن کے لئے خطرہ ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اب بین الاقوامی میڈیا بھی انسانی حقوق کی پامالیوں اور اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک پر بھارت کو ہدف تنقید بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض بڑے ممالک اپنے اقتصادی مفادات کی خاطر بھارتی طرزعمل پر خاموشی اختیار کئے ہوئےہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت بہت زیادہ آبادی والا ملک ہے جہاں کے شہری مختلف ممالک میں کام کر رہے ہیں اور وہاں مضبوط اثر ورسوخ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے امت مسلمہ اسلام مخالف سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ عناصر ریاستی اداروں کے خلاف بات کرکے بھارتی ایجنڈے کو تقویت پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے قومی مفاد کے لئے متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے نہ صرف بیرون ملک دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ہمارے فوجی مادر وطن کی حفاظت کے لئے آئے روزقربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ مسلح افواج کے خلاف بیانات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔