اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کی واحد امید ہیں،کورونا وائرس کی وبا کے دوران دنیا بھر کی معیشتیں تباہ ہوئیں مگر پاکستانی معیشت مستحکم ہوئی،نااہلوں نے 5 سال کے دوران برآمدات میں صفر فیصد اضافہ کیا۔
بدھ کو مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کی واحد امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہل درباری خاطر جمع رکھیں اگلے 5 سال بھی عمران خان کے ہیں۔ کورونا وائرس کی وبا کے دوران دنیا بھر کی معیشتیں تباہ ہوئیں مگر پاکستانی معیشت مستحکم ہوئی۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ نااہلوں نے 5 سال کے دوران برآمدات میں صفر فیصد اضافہ کیا۔ ماضی میں معیشت کو برآمدات بڑھانے کے بجائے آئی ایم ایف کے قرضوں پر چلایا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2021 میں برآمدات 17.5 فیصداضافے کے ساتھ 2.471 بلین ڈالر ہو گئیں۔
انہوں نے کہاکہ بدترین عالمی کسادبازاری کے دور میں بھی برامدآت،تعمیرات،لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جبکہ ٹیکسٹائل برآمدات تاریخی سطح پر ہیں،ہنگر انڈیکس میں نمایاں بہتری اور غربت کی شرح میں کمی یہ خبریں آپ کو بے چین کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جھوٹی باجی کی پریس کانفرنس دراصل قبضہ لیگ کی معیشت کی تباہی کی دہائی ہے۔