شیخوپورہ۔ 04 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان سے غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہیں مگر بات چیت پی ڈی ایم کرے گی، عمران خان سنجیدہ لیڈر نہیں، بات بات پر یو ٹرن لینا اسکا وطیرہ ہے اس پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا اسکی قومی و ریاستی اداروں کے خلاف بیان بازی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،
پاکستان آرمی ہمارا قابل اعتماد ادارہ ہے،پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ سنیئر ترین جرنیل کو آرمی چیف مقرر کیا گیا جو کہ ہماری حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول، میاں عبدالروئوف، افتخار بھنگو، سابق ارکان اسمبلی رانا افضال حسین ،حسان ریاض،
عارف خان سندھیلہ، ٹکٹ ھولڈر صوبائی اسمبلی چوہدری یاسر گجر، چوہدری محمود گورایہ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال پر پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس منعقد کروائیں اور سارے فیصلے اتفاق رائے سے کریں، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک نئے انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا
،اگر عمران خان کی اسمبلیاں توڑنے کی خواہش ہے تو وہ پوری کرلیں ان صوبوں میں الیکشن ہو جائیں گے مگر ہم کسی بلیک میلنگ میں ہرگز نہیں آئینگے، تمام فیصلے آئین وقانون کے مطابق ہونگے،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 4 سالہ دورِ حکومت میں انہوں نے تعلیم کے شعبہ کو ترجیح نہیں دی جس سے طلباء کا ناتلافی تعلیمی نقصان ہوا مگر موجودہ حکومت تعلیمی میدان میں کامیابی کے لئےہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔